پانڈیا کی سری لنکا اور افریقہ کے خلاف شرکت غیر یقینی

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں مزید دو میچوں سے محروم ہو جائیں گے، کیونکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹخنے کی تکلیف سے مکمل صحت یاب نہیں ہو ئے ہیں۔ پانڈیا پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف مقا بلے کے دوران بولنگ کرتے ہوئے زخمی ہو ئے ہیں جیسا کہ وہ اپنی ہی بولنگ میں پیر سے گیند کو روکنے کی کوشش میں انہوں نے اپنے دائیں ٹخنے کو موڑ دیا جس سے وہ زمین پر گرپڑے تھے اور میدان سے باہر چلے گئے تھے ۔ پانڈیا کو جلد صحت یابی کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی، بنگلورو میں بحالی پروگرام کے لیے بھیجا گیا تھا تاہم آل راؤنڈر سے انگلینڈ کے خلاف 29 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ کے لیے وقت پر براہ راست لکھنؤ میں ٹیم میں شامل ہونے کی توقع کی جا رہی تھی وہ مقابلے میں شرکت کریں گے لیکن وہ چوٹ کی وجہ سے اس مقابلے میں بھی باہر بیٹھنے پر مجبور ہوئے۔ ذرائع سے تازہ ترین پیشرفت سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی مردوں کی کرکٹ میڈیکل ٹیم این سی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، امید ہے کہ اگلے دو دنوں میں اس کی فٹنس کے بارے میں نئی تفصیلات مل جائیں گی لیکن وہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے مقابلے میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ ٹیم میں پانڈیا کا خلا محمد سمیع اور سوریا کمار یادو نے پْر کیا۔ سمیع نے اپنی شاندار بولنگ سے ورلڈ کپ کے اب تک صرف دو میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سوریا کمار نیوزی لینڈ کے خلاف 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے لیکن انہوں نے 47 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ اگلے مقابلے میں واپسی کی۔ ہندستان پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے اور ٹورنمنٹ میں وہ واحد ناقابل شکست ٹیم ہے، جس نے چھ میچوں میں چھ فتوحات حاصل کی ہیں۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے کولکتہ روانہ ہونے سے قبل جمعرات کو ممبئی میں سری لنکا کے خلاف مقابلہ کریں گے۔