پاور پلانٹ حادثہ ‘تحقیقات کیلئے دو ٹیمیں تشکیل

,

   

سی بی سی آئی ڈی و محکمہ برقی کے عہدیدار وجوہات کا پتہ چلائیں گے
حیدرآباد۔تلنگانہ حکومت نے سری سیلم لفٹ بینک ہائیڈرو الیکٹرک اسٹیشن ناگرکرنول میں آتشزدگی واقعہ کی تحقیقات کیلئے سی بی سی آئی ڈی کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے دو علحدہ تحقیقات کیلئے احکامات جاری کئے۔ جی او آر ٹی 1222 کے تحت حکومت نے 20 اگسٹ کو آتشزدگی واقعہ کی سی آئی ڈی تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ مسٹر گووند سنگھ ( آئی پی ایس ) ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی تحقیقاتی افسر ہوں گے۔ چیرمین اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو اور ان کے اسٹاف کو تحقیقاتی آفیسر سے تعاون کی ہدایت دی گئی ۔ تحقیقاتی آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ آتشزدگی واقعہ کے حقائق اور وجوہات کا جائزہ لے کر حکومت کو فوری رپورٹ پیش کریں۔ جی او آر ٹی 1223 کے تحت محکمہ برقی کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل علحدہ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو کو ہدایت دی گئی کہ وہ سینئر عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں جو واقعہ کی جانچ کرکے حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔حادثہ کی وجوہات کے علاوہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے یہ کمیٹی حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ چیرمین و ایم ڈی تلنگانہ جینکو کمیٹی رپورٹ اپنی سفارشات کے ساتھ حکومت کو پیش کریں گے۔

سی آئی ڈی کی تحقیقاتی ٹیم پاور پلانٹ پہنچ گئی
حیدرآباد۔ حکومت کی ہدایت پر سی آئی ڈی کی ٹیم سری سیلم پاور پلانٹ میں آتشزدگی واقعہ کی جانچ کیلئے ناگرکرنول پہنچ چکی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ الیکٹرسٹی، فارنسک، سی آئی ڈی اور مقامی پولیس کی ٹیموں نے پاور پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے حادثہ کی وجوہات جاننے کی کوشش کی۔ سی آئی ڈی کے ڈی ایس پی، سرکل انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس کی ٹیم پاور پلانٹ میں آتشزدگی کے مقامات کا معائنہ کررہی ہے۔ مقامی عہدیداروں سے حادثہ کی تفصیلات معلوم کی گئیں۔ حادثہ کے وقت جو عہدیدار اور ملازمین پاور پلانٹ میں تھے ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ محکمہ برقی کے حکام کی ایک ٹیم بھی پاور پلانٹ پہنچ گئی جس میں چیف انجینئر اور ڈائرکٹر کے علاوہ دیگر عہدیدار شامل ہیں۔ حکومت نے سی آئی ڈی کے علاوہ عہدیداروں کی علحدہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔