پاور پلانٹ حادثہ کی تحقیقات کیلئے دو علحدہ ٹیمیں تشکیل

   

سی بی سی آئی ڈی کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیدار وجوہات کا پتہ چلائیں گے
حیدرآباد۔تلنگانہ حکومت نے سری سیلم لفٹ بینک ہائیڈرو الیکٹرک اسٹیشن ناگرکرنول میں آتشزدگی واقعہ کی تحقیقات کیلئے سی بی سی آئی ڈی کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے دو علحدہ تحقیقات کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ جی او آر ٹی 1222 کے تحت حکومت نے 20 اگسٹ کو پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ کی سی آئی ڈی تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ مسٹر گووند سنگھ ( آئی پی ایس ) ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی تحقیقاتی افسر ہوں گے۔ چیرمین اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو اور ان کے اسٹاف کو تحقیقاتی آفیسر سے مکمل تعاون کی ہدایت دی گئی ہے۔ تحقیقاتی آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ آتشزدگی کے واقعہ کے حقائق اور وجوہات کا جائزہ لے کر حکومت کو فوری رپورٹ پیش کریں۔ جی او آر ٹی 1223 کے تحت محکمہ برقی کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل علحدہ تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو کو ہدایت دی گئی کہ وہ سینئر عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں جو اس واقعہ کی جانچ کرتے ہوئے حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔حادثہ کی وجوہات کے علاوہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے یہ کمیٹی حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ چیرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو کمیٹی کی رپورٹ اپنی سفارشات کے ساتھ حکومت کو پیش کریں گے۔