پاکستان، چین، افغانستان اور نیپال کا تعاون پر اتفاق

   

چین خطے کی نئی صف بندی میںمصروف
اسلام آباد۔ پاکستان ،چین افغانستان اور نیپال کے وزرا خارجہ نے گزشتہ روز ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی جس میں کورونا وبا سے نمٹنے اور معیشتوں کی بحالی کیلیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس اجلاس کو خطے کے ممالک کے درمیان ہونے والی نئی صف بندی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،چین کے وزیر خارجہ وانگ ڑی نے وڈیو کانفرنس کی میزبانی کی۔یہ کانفرنس اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے کہ چین کچھ ہفتوں سے کورونا وبا کے خلاف خطے میں میں سرکردہ کردار ادا کر رہا ہے تاہم ان علاقائی اقدامات میں بھارت شامل نہیں ،جو خطے میں نئی صف بندی کو ظاہر کرتا ہے،ماہرین کا خیال ہے کہ چین کی اس نئی پیش رفت سے پاکستان کو بنگلہ دیش سمیت خطے کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات کو ازسرنو قائم کرنے کا موقع ملا ہے۔پاکستان اس وقت نیپال کے ساتھ بھی تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہ رہا ہے کیوں کہ پاکستان کولگتا ہے کہ نیپال اب بھارت کے اثرورسوخ سے آزاد ہو چکا ہے،گزشتہ روز ہونے والی ویڈیو کانفرنس اس امر کی غماز ہے کہ چین اس میں شریک ملکوں کی کورونا سے متاثرہ معیشتوں کی بحالی میں مدد کرنا چاہتا ہے تاکہ اس کے بعد چین خطے کی نئی صف بندی کر سکے۔