پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام : پنٹگان محتاط

   

واشنگٹن : امریکہ نے وائٹ ہائوس کے ایک اعلی عہدیدار کے اس دعوے کے بعد کہ ملک امریکہ میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے محتاط لہجہ اختیار کرلیا۔ پریس بریفنگ میں پنٹگان کے پریس سیکرٹری میجر جنرل پیٹ رائیڈر سے جب پاکستان کی سرکاری میزائل ڈیولپمنٹ ایجنسی اور اس کے 3 نجی وینڈرز پر امریکی پابندیوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے براہ راست تنقید سے گریز کیا،پیٹ رائیڈر نے پاکستان کی فوج کے ساتھ پنٹگان کے دیرینہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطہ میں ایک پارٹنر کے طور پر پاکستان کی قدر کرتے ہیں اور ماضی میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی میزائل ڈیولپمنٹ یا پابندیوں پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور اس طرح کے سوالات دیگر امریکی ایجنسیوں سے کرنے کا مشورہ دیا۔ پنٹگان کی طرف سے یہ معتدل ردعمل قومی سلامتی کے نائب مشیر جان فائنر کے بیانات کے بالکل برعکس ہے، جنہوں نے پاکستان پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا الزام لگایا تھا جو امریکہ کے لیے ابھرتا ہوا خطرہ بن سکتا ہے۔