پاکستانی کرکٹر کو بیرون ملک کھلانے کا جھانسہ دے کر لوٹ لیا گیا

   

کراچی۔ سنہرے مستقبل کی تلاش کے خواہشمند پاکستانی کرکٹر دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے ہیں اور دھوکہ دینے والوں نے بیرون ملک کھلانے کا جھانسہ دے کر عمر بھرکی جمع پونجی سے محروم کردیا۔تفصیلات کے مطابق مقامی کرکٹر فضل سبحان کو دھوکہ باز نے بیرون ملک کھلانے کا جھانسہ دے کر لوٹ لیا اور کم وبیش17 لاکھ روپے کا چونا لگادیا۔کراچی سے تعلق رکھنے والے مقامی کرکٹر فضل سبحان نے کہا ہے کہ لاہورکے خالد ہارون نے بے روزگاری میں آئرلینڈ کرکٹ سے دو سال کا معاہدہ دلانے کا خواب دکھایا۔ خالد ہارون نے مجھ سے مختلف اوقات میں سترہ لاکھ روپے کی رقم لی ، رقم کی منتقلی آن لائن کی گئی، میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں۔مقامی کرکٹر نے کہا کہ دھوکہ باز نے آئرلینڈ کا ویزا لگوایا، پتہ چلا کہ وہ جعلی ہے ۔واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل سوشل میڈیا پر ایک کرکٹر کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کرائے کی پک اپ چلارہے تھے ، فضل سبحان نے کہا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے کی وجہ سے آج وہ کرائے پر گاڑی چلانے پر مجبور ہوں۔فضل سبحان نے کہا کہ میں نے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بہت محنت کی اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے دنوں میں ایک لاکھ روپے تنخواہ لیتا تھا لیکن اب30 سے 35 ہزار روپے کما رہا ہوں جس سے گزارا نہیں ہوتا۔