پاکستان انتخابات : کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

   

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے عمران خان اور نواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے اضافی وقت مل گیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق 8 فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔پاکستان میں الیکشن کمیشن نے قومی انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آج جمعے کے روز تک دی گئی ڈیڈ لائن میں دو دن کی توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے سابق وزرائے اعظم عمران خان اورنواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے اضافی وقت مل گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سہولت کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ای سی پی نے کہا کہ 8 فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔عمران خان اور نواز شریف اعلان کر چکے ہیں کہ وہ عدالتی سزاؤں کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے باوجود اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ دونوں اعلیٰ عدالتوں سے ریلیف کے منتظر ہیں، جو انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی مجاز ہیں۔ عمران خان بدعنوانی سے لے کر ریاستی راز افشا کرنے تک کے متعدد الزامات کا سامنا کرتے ہوئے بدستور جیل میں ہیں۔