پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: سیریز میں کلین سویپ سے بچنے کیلئے پاکستان کو 352 رنز درکار

   

ناٹنگھم ۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا ہے۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔اننگز کی ابتدا میں انگلینڈ کے بلے بازوں کی جانب سے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ پاکستان کو 400 رنز سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے گا۔تاہم عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی کی نپی تلی بولنگ کی بدولت اننگز کے آخری 15 اوورز میں پہ در پہ گرنے والی وکٹوں نے انگلینڈ کو محتاط بلے بازی پر مجبور کر دیا۔انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور آئن مورگن نمایاں بلے باز رہے۔ روٹ نے 84 جبکہ مورگن نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے 10 اوورز میں چار وکٹوں کے عوض 82 رنز دے کر شاہین شاہ آفریدی نمایاں بولر رہے۔ جبکہ عماد وسیم نے 5.30 کی اوسط سے اپنے 10 اوورز میں 53 رنز دیے، انھوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔حسن علی اور محمد حسنین نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔پاکستان کو پہلی کامیابی آٹھویں اوور میں ملی جب 63 کے مجموعی سکور پر اوپنر جیمز ونس 32 گیندوں پر 33 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز جونی بئرسٹو تھے جنھوں نے 20 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ 12ویں اوور میں 105 کے مجموعی سکور پر وہ عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔آئن مورگن 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر 30 ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر عابد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔257 کے مجموعی سکور پر محمد حسنین جو روٹ کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ روٹ نے 73 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ وہ آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے۔39ویں اوور میں عماد وسیم نے پاکستان کے لیے دو کامیابیاں سمیٹیں۔ جاس بٹلر 34 جبکہ معین علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔295 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی ساتویں وکٹ گری جب کرس وؤکس 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر شاہیں آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے آٹھویں بلے باز بین سٹوکس تھے جنھوں نے 21 رنز بنائے، ان کی وکٹ حسن علی نے لی جبکہ ڈیوڈ ویلی صرف 14 رنز بنا پائے۔پاکستان یہ سیریز پہلے ہی ہار چکا ہے البتہ آج کے میچ میں پاکستان کے لیے اپنی ساکھ بچانے اور انگلینڈ کی جانب سے کلین سویپ سے بچنے کا آخری موقع ہے۔