پاکستان بھر میں یوم دفاع کا جوش و خروش سے انعقاد صدر عارف علوی کا قوم سے خطاب

   

اسلام آباد : یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں فوج کے شہدا اور ملکی استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب سے منسلک عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کی 5 خواتین اہلکاروں سمیت 60 جوانوں نے شرکت کی۔صدر مملکت عارف علوی نے یوم دفاع وشہدا کے حوالے سے قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے پر عزم ہے، پاکستان پْر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،لہذا امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔عارف علوی نے کہا ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، یوم دفاع و شہدا ہمیں اس بے مثال جرأت اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔