پاکستان تیسرے ٹی 20 میں کامیاب ،سیریز افغانستان کے نام

   

شارجہ ۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے دی تاہم آخری میچ میں پاکستان کی فتح کے باوجود افغانستان نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ افغانستان نے پاکستان کو ٹی20 سیریز میں شکست دی ہے۔پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 19 ویں اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 21، رحمان اللہ گرباز نے 18 اور محمد نبی 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے احسان اللہ اور شاداب خان نے فی کس تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔افغانستان کی پہلی وکٹ 35 رنز بنانے کے بعد گری۔ رحمن اللہ گرباز 18 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کے بعد صدیق اللہ اٹل صرف 11 رنز ہی بنا سکے اور محمد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ابراہیم زردان کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ محمد نبی17 رنز کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ نجیب اللہ تیز گیند پر زخمی ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور کریم جنت صفر پر پویلین لوٹ گئے۔عثمان غنی 15 رنز بنا سکے اور شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ مجیب الرحمن صفر پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان نے مقرررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 49، افتخار احمد نے 31 اور شاداب خان نے 28 اور عبداللہ شفیق نے 23 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حارث اور صائم ایوب نے کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز کے مجموعی اسکور پرگری جب محمد حارث ایک رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ 28 رنزکے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب طیب طاہر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان عبد اللہ شفیق کی صورت میں ہوا جب وہ 23 رنز بنا کر 63 رنز کی مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔صائم ایوب 49 رنز بنا کرکریم جنت کی گیند پر اس وقت کیچ آؤٹ ہوئے جب پاکستان کا مجوعی اسکور 108 رنز تھا وہ ایک رن کی کمی سے اپنی پہلی بین الاقوامی نصف سنچری سے محروم رہے ۔پاکستان کی پانچویں وکٹ 123 رنز کے مجموعی اسکور پرگری جب عماد وسیم 13 رنز بناکر مجیت الرحمان کی گیند پر کریم جنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 161 کے اسکور پرگری جب افتخار احمد31 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر راشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو ساتواں نقصان شاداب خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 19 ویں اوور میں 28 رنزکے انفرادی اسکور پر فرید خان کی گیند پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے دو، فضل الحق فاروقی نے ایک، محمد نبی نے ایک، فرید احمد نے ایک راشد خان نے ایک اور کریم جنت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔کارگزار کپتان شاداب کو ان کے آل راؤنڈ مظاہروں پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔پہلے دو میچز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔