پاکستان زیر قبضہ کشمیر کو انڈین یونین کا حصہ

   

بنایا جائے گا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
جموں۔ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بنانا مرکزی سرکار کے ایجنڈا اور ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر کو اسی روپ میں بحال کیا جائے گا جس میں مہاراجہ ہری سنگھ نے ہمیں سونپا تھا۔موصوف وزیر مملکت نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں کی جن سمواد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ‘پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بناتے ہوئے اسی روپ میں بحال کیا جائے گا جس طرح مہاراجہ ہری سنگھ نے ہمیں سونپا تھا۔ جو کچھ گذشتہ ایک سال میں ہوا وہ لوگوں کی امید سے باہر تھا اور جو ہونے والا ہے وہ بھی سب کی امیدوں سے باہر ہوگا’۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ماحول بدلا ہے اور ذہنیت بھی کھل گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر میں ماحول بدل گیا ہے اور لوگوں کی ذہنیت بھی تبدیل ہوئی ہے ۔ مرکز کے آٹھ آٹھ سو قانون ایسے تھے جو جموں وکشمیر میں لاگو نہیں تھے ۔ رشوت کا ایک آدھا ادھورا قانون تھا۔ مرکز کی طرف سے اب انسداد رشوت کا قانون لاگو کیا گیا ہے جس کے تحت رشوت دینے والے اور لینے والے کو بھی گناہ گار قرار دیا جائے گا’۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دینے کی ہدایات ہیں۔