پاکستان: سندھ میں تازہ سیلابی ریلے، درجنوں اموات

,

   

اسلام آباد۔ صوبہ سندھ میں تازہ سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر قریب پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے مطلع کیا ہے کہ صوبے کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں تازہ سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر مزید کئی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے 3 ستمبر کو بتایا کہ سندھ کے چند حصوں میں مزید 50 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں بارش اور سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1,265 ہو گئی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے کے مطابق تازہ بہاؤ کی وجہ سے دریائے سندھ کا پانی کئی مقامات پر سیلابی ریلوں کا سبب بنا۔ جمعہ کی شب موصولہ ڈیٹا کے مطابق تازہ اموات میں پندرہ بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں میں 441 بچے شامل ہیں۔ سندھ کی صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ پانی کی بلند سطح کی وجہ سے دور دراز کے کئی علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کا کام ہفتہ کو بھی جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں مسلح افواج اور امدادی تنظیموں کے رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔