پاکستان سے بات چیت کیلئے ہند ۔ سعودی بیان کا خیرمقدم

,

   

ولیعہد محمد بن سلمان کی وزیراعظم مودی سے ملاقات پر عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی کا ردعمل
سرینگر 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹرس جموں و کشمیر محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے آج کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی تیل کی دولت سے مالا مال ملک سعودی عرب کے شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد ظاہر کردہ اپنے موقف اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ دونوں قائدین نے کہاکہ مودی اور محمد بن سلمان کا بیان اِن کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ جنگ کے لئے ماحول بنائے جانے اور حالات کشیدہ ہونے کے درمیان ہندوستان اور سعودی عرب کا مشترکہ بیان اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے کا اشارہ حالات کو بہتر بنانے کے لئے معاون ہوگا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کے لئے مشروط ماحول بنانے کا موقع ملے گا۔ یہ ایک قابل خیرمقدم عمل ہے۔ جنگ کے جنونیوں کے لئے یہ واضح پیام ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ نہیں ہوگی بلکہ مذاکرات کے ذریعہ ماحول کو بہتر بنایا جائے گا۔ ولیعہد محمد بن سلمان نے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے وعدہ کرتے ہوئے ہر ایک کو خوشی فراہم کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ولیعہد محمد بن سلمان کے دورے سے کشیدہ حالات میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ قبل ازیں محبوبہ مفتی نے کہاکہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جو کچھ بیانات دیئے جارہے ہیں اُس سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسلح جنگ کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ اُنھوں نے ایسے امکانات کے خلاف احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے کہاکہ اُنھیں یہ دیکھ خوشی ہے کہ مودی حکومت نے مذاکرات کے عمل کو تسلیم کیا ہے اور یہی ایک راستہ آگے کی طرف جاتا ہے۔