پاکستان میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند

   

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کرونا کی تیسری لہر کے بعد بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تمام تر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کرونا کی شدت کم ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کرونا کا پھیلائو تشویش ناک ہے۔ خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی کرونا کا پھیلاؤ ہے۔ پنجاب کے 9 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔مزید کن اضلاع اور کن شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول مہربندکردیے جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ کرونا کے پیش نظر گذشتہ برس نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات نہیں ہوئے تھے تاہم اس بارایسا نہیں ہوگا۔ نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔