پاکستان میں خوفناک ٹرین حادثہ ،30 افراد ہلاک

,

   

نئی دہلی: پاکستان میں ٹرین کا خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 30 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں زخمی بتائے گئے ہیں۔ پاکستان میڈیا کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والی ٹرین ہزارہ ایکسپریس نواب شاہ کے نزدیک سرہاڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی۔ پاکستان ریلویز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمود الرحمن نے تصدیق کی کہ تباہ شدہ بوگیوں میں سے کم از کم 15 نعشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 80 کے قریب زخمیوں کو علاج کیلئے ہاسپٹلس منتقل کردیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کراچی سے 275 کلومیٹر دور واقع ایک اسٹیشن کے قریب اس ہولناک ٹرین حادثے میں مزید افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں اور قریبی ہاسپٹلس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ریلوے کے ڈیویژنل سپرنٹنڈنٹ شکور محمود الرحمن کے مطابق حادثے کی وجہ سے ٹرین سرویس معطل ہو گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ ٹرین اس سال کے شروع میں ایک سنگین حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی تھی۔