پاکستان میں سیاسی جماعتوں کا وفاق میں مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق

,

   

اسلام آباد: پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہبازشریف کو نامزد کردیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار مریم نواز ہوں گی ۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کیلئے شہبازشریف کو نامزد کر دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ صوبہ پنجاب کیلئے مریم نوازشریف امیدوار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اوران کے قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔نواز شریف نے یقین کا اظہار کیا ہیکہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات، عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔ 8فروری کو منعقدہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں نے مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن )،پاکستان پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم پاکستان اورمسلم لیگ (ق)سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں نے مل کر حکومت سازی پر اتفاق کیا کہ ملک کو غربت ،مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی چیلنجز سے نجات دلانے کیلئے سب کو اپنی اپنی ذات سے بالاتر ہو کر متحدہ طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔ مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایوان صدر کے نئے مکیں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری ہوں گے جو دوسری مرتبہ اس منصب پر فائز ہوں گے۔ چند دنوں میں کوئی غیرمتوقع تبدیلی نہیں آتی ہے تو آصف زرداری صدر اور شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے۔
منگل کو اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن )،پاکستان پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم پاکستان اورمسلم لیگ (ق)سمیت دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں کے سربراہان پر مشتمل اجلاس ہوا جس کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ،ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے صادق سنجرانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،ملک کو اس وقت دہشتگردی اور معیشت سمیت دیگر کئی قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے ،ہر چیلنج سے مل کر نمٹیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو بھی مفاہمتی عمل میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہماری کمیٹیاں بن چکی ہیں دیگر جماعتوں کی کمیٹیاں بھی بنیں گی وہ مل کر [؟]اصول و ضوابط[؟] طے کریں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہماری جماعت کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار محمد نواز شریف ہوں گے میں اب بھی نواز شریف سے اس کی درخواست کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی ہماری امیدوار مریم نواز شریف ہوں گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا تھا۔اس کے مطابق کوئی بھی پارٹی واحدانہ طور پر اقتدار سنبھال سکنے کی حد تک مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کر سکی۔قومی اسمبلی میں حکومت بنانے کیلئے 169 کی سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے ۔