پاکستان میں شاہین ۔ I بالسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

   

l 650 کیلو میٹر تک زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کی زد میں ہندوستان کے متعدد شہر
l لانچنگ میں آرمی کمانڈرس، انجینئرس اور سائنسدانوں کی شرکت

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے پیر کے روز زمین سے زمین پر مار کرنے والے نیوکلیئر توانائی کے حامل بالسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جو اپنے ہدف کو 650 کیلو میٹر تک نشانہ بنا سکتا ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کے کئی شہر بھی اس کی زد میں آسکتے ہیں۔ یاد رہیکہ شاہین I نامی اس بالسٹک میزائل کی کامیاب ٹسٹنگ ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب حکومت ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف دفعہ 370 کو منسوخ کئے جانے کے بعد ہندوپاک کے تعلقات کشیدہ ہوچکے ہیں۔ پاکستانی فوج کی میڈیاونگ کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق شاہین I بالسٹک میزائل کا ٹسٹ ایک تربیتی مشق کا حصہ ہے جس سے یہ پتہ لگانا مقصود ہیکہ فوج کی اسٹریٹیجک فورسیس کمانڈ کسی بھی ہنگامی حالات کیلئے تیار ہے یا نہیں۔ انٹر سرویسیس پبلک ریلیشنز (ISPR) کی جانب سے ٹوئیٹ کرتے ہوئے شاہین ۔ I بالسٹک میزائل کی 650 کیلو میٹر تک اپنے نشانہ کو ہدف بنانے کی توثیق کی گئی ہے۔ اس تربیتی لانچنگ کے موقع پر پاکستانی میڈیا کے مطابق اسٹریٹیجک پلانس ڈیویژن کے ڈائرکٹر جنرل، کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسیس کمانڈ، اسٹریٹیجک پلانس ڈیویژن کے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹیجک فورسیس کمانڈ، سائنسداں اور انجینئرس کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تربیتی مشق کے دوران فوج نے ہتھیاروں کے تمام نظام کو استعمال کرنے کے ماہرانہ طریقوں کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہیکہ 29 اگست کو پاکستان نے نیوکلیئر توانائی کے حامل زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل ’’غزنوی‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو 290 کیلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے جبکہ 5 اگست کو ہندوستان نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف دفعہ 370 کو منسوخ کیا تھا۔ دوسری طرف اکٹوبر میں ہندوستانی فضائیہ نے ایک موبائیل پلیٹ فارم سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے برہموس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کا مقصد یہ چیک کرنا تھا کہ آیا برہموس میزائل اپنے مقرر کردہ 300 کیلو میٹر کے ہدف کو نشانہ بنانے کا اہل ہے یا نہیں۔ قبل ازیں ہندوستان نے اگنی ۔ II میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو زمین سے زمین پر مار کرنے والا درمیانی رینج کا میزائل تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کو منسوخ کرنے کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات میں کمی کا اعلان کیا تھا۔