پاکستان میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کرنے والا ملزم گرفتار، مشتعل ہجوم نے تھانے کو آگ لگا دی

   

اسلام آباد : خیبرپختونخوا کے وسطی ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی کے ایک گاؤں میں مبینہ طور پر ایک شخص نے قرآن کی بے حرمتی کی ہے جس کے ردِعمل میں درجنوں مشتعل افراد نے پہلے تھانہ مندنی اور پھر پولیس کی چار چوکیوں کو آگ لگا دی ہے۔اتوار کو تنگی کے علاقے مندنی میں قرآن کو مبینہ طور پر نذر آتش کرنے کے واقع میں ملوث شخص کو پولیس نے فوری طور پر گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا تھا۔مبینہ واقعے کی اطلاع پھیلنے کے بعد مشتعل ہجوم کی بڑی تعداد تھانہ مندنی پہنچی جہاں انہوں نے شدید احتجاج کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب سیکڑوں مشتعل افراد نے تھانہ مندنی کا مرکزی دروازہ اکھاڑ دیا اور وہ ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران مشتعل ہجوم نے مندنی تھانے پر دھاوا بولتے ہوئے وہاں موجود گاڑیوں اور املاک کو آگ لگا دی۔ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ بعدازاں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ہری چند شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔