پاکستان میں موسلادھار بارش اور برفباری ،84 ہلاک

,

   

پاک مقبوضہ کشمیر میں اندرون 24 گھنٹے برفانی طوفان سے کئی ہلاکتوں کی اطلاع
اسلام آباد ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں موسلادھار بارش اور برفباری کے نتیجہ میں تقریباً 84 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شدید بارش کے نتیجہ میں کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ گذشتہ تین دنوں سے پاکستان میں شدید موسم کا قہر جاری ہے جس کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے جبکہ حمل و نقل بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایاکہ مواصلاتی نظام بھی خراب موسم کے باعث غیرکارکرد ہوگیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ سخت ترین سردی، برفباری اور بارش کے باعث مزید انسانی جانوں اور مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ حکومت پاکستان کے عہدیداروں کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک مقبوضہ کشمیر میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے 75 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی نیلم میں بارش کی وجہ سے نہ صرف برفانی طوفان بلکہ زمین کھسکنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جبکہ کئی افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں جن کے بارے میں یہ اندیشہ پایا جاتا ہیکہ وہ ہلاک ہوچکے ہوں گے جبکہ بچاؤکاری ہنوز جاری ہے۔بلوچستان حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صوبہ میں خراب موسم کے باعث 20 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیاجارہا ہے۔ اتوار کو شدید برفباری کے باعث سب سے زیادہ انسانی جانوں کا نقصان بلوچستان میں ہوا۔ بلوچستان کے خراب موسم کے باعث سینکڑوں مسافرین پھنس گئے۔ پنجاب میں چھت منہدم ہونے اور موسلادھار بارش سے مربوط واقعات میں 7 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ کوئٹہ چمن ہائی وے پر بھی ٹریفک مسدود ہوگئی ہے۔ سیالکوٹ اور دیگر علاقوں کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔