پاکستان میں ڈینگی کا قہر،66افرادفوت

   

اسلام آباد،6نومبر(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان میں اس سال ابھی تک ڈینگی میں 44ہزار سے زیادہ لوگ مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے 66لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔اس سے پہلے سال 2011میں پاکستان میں ڈینگی کے 27ہزار معاملے ریکارڈ کئے گئے تھے لیکن اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 370تھی جو حالیہ تعداد سے تقریباً چھ گنا زیادہ تھی۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آٖف ہیلتھ کے امراض کی نگرانی کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر نے روزنامہ ڈان کو ایک اطلاع میں بتایا کہ اس سال دنیا بھر میں ڈینگی کے معاملوں کی بے حد تشویش ناک تعداد درج ہوئی ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان میں دیگر ملکوں کے مقابلے بہت زیادہ بہتری ہوئی ہے ۔ڈاکٹر صفدر نے بتایا کہ اس سال ڈینگی کی زد میں 44ہزار افراد آئے ہیں اور اس بیماری سے 66لوگوں کی جان جاچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں ڈینگی مچھر کے پیداہونے کا موسم تقریباً ختم ہوچکا ہے ۔ کراچی ملک کا واحد شہر ہے جہاں سندھ سے نہ صرف 94فیصد معاملے سامنے آئے بلکہ رواں مالی سال کے آخر تک ڈینگی کے معاملوں کا تسلسل برقرار رہنے کا خدشہ ہے ۔