پاکستان میں 2013 کے بعد 2023ءخودکش حملوں کے حوالے سے بد ترین سال رہا

   

اسلام آباد: پاکستان میں رواں سال ایک مرتبہ پھر خود کش حملوں میں شدت پیدا ہوئی اور یہ حملے 29 کی تعداد کو چھو گئے ، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 329 رہی۔ یہ 2014 سے لے کراب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اسلام آباد میں قائم ایک تھنک ٹینک نے یہ انکشاف اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں نومبر 2022 میں یہ خود کوش دھماکے شروع ہو گئے، جب ٹی ٹی پی سے منسلک دہشت گردوں نے کارروائیاں تیز کر دیں، سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخواہ ان دھماکوں کی زد میں آیا۔خیبر پختونخوا ہ کے ساتھ افغان سرحد کا طویل حصہ لگتا ہے۔ یہ عسکریت پسندوں کے حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ پشاور میں پولیس لائنز مسجد حملے میں 80 سے زیادہ لوگ جاں بحق ہو گئے۔’پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز ‘ کی رپورٹ کے مطابق 2023 میں پاکستان کو ایک بد ترین لہر کا تجربہ کرنا پڑا اور یہ خود کش دھماکے 2014 کے بعد ایک نیا ریکارڈ قائم کر گئے۔مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں 29 خود کش دھماکے ہوئے۔ جن میں مجموعی طور پر 329 شہری موت کے گھاٹ اتر گئے جبکہ 582 شہری زخمی ہوگئے۔