پاکستان نواز پوسٹ شیئر کرنے والی لڑکی کا کشمیر سے تعلق

   

ممبئی ، 11 مئی (یو این آئی) پونے ضلع میں پاکستان نواز مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والی ایک انجینئرنگ طالبہ کا کشمیر سے تعلق سامنے آیا ہے ، جس کے بعد اسے کالج سے نکال دیا گیا اور مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے اس کے خلاف مکمل تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ طالبہ کونڈوا علاقے میں رہائش پذیر ہے اور انجینئرنگ کے دوسرے سال میں تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ اس نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے حق میں پوسٹ شیئر کی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کر کے اس کا موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ثبوت ضبط کرلیے ۔ بعد ازاں ہفتہ کے روز اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے عدالت نے اسے 5 دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا۔ پولیس تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے دوران کشمیر کا دورہ کیا تھا اور وہاں اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد ہی اس نے پاکستان نواز پوسٹ شیئر کی۔ کونڈوا پولیس اسٹیشن کی ٹیم اس کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔