پاکستان ویمنس کو نیوزی لینڈ میں سیریز فتح کا منفرد اعزاز

   

بارش سے متاثرہ آخری میچ میں میزبانوں کی ڈکورتھ؍لوئس سسٹم کے ذریعہ کامیابی

لاہور: تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کی فاتح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے بارش سے متاثرہ آخری میچ میں ڈکورتھ لوئس ضابطے کے تحت 6رنز سے شکست دے دی۔ اس طرح تین ٹی 20انٹرنیشنل میچوں کی یہ سیریز پاکستان ویمنز نے 2-1سے جیتی ہے ۔ پاکستان نے پہلا میچ 7وکٹوں اور دوسرا میچ 10 رنز سے جیت کر نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔ کوئنس ٹاؤن ایونٹس سنٹر کے جان ڈیوس اوول میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 137/5 اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے 15اوورز میں 2وکٹوں پر 101رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ ختم کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس پلیئر آف دی میچ قرار پائی جبکہ فاطمہ ثنا نے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔