پاکستان کو جولائی کے اوائل تک آئی ایم ایف سےنیا قرض ملنے کی امید : وزیر خزانہ

   

اسلام آباد: پاکستانی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ جون یا جولائی کے اوائل تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کی امید ہے۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے معیشت کو دیوالہ سے بچانے کے لیے حاصل کیا جانے والا تین ارب ڈالر کے قرضے کا معاہدہ اپریل کے آخر میں ختم ہو گیا تھا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم اب بھی امید کر رہے ہیں کہ ہمیں جون یا جولائی کے شروع تک اسٹاف لیول معاہدہ مل جائے گا۔اسلام آباد بزنس سمٹ 2024 میں ’’ترقی کیلئے تعاون‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کے مواقع کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ زراعت اور صنعت کی کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی پی میں مالی سال 2024 میں 2.6 فیصد اضافہ کی توقع ہے۔ افراط زر کی شرح 24 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جو کہ مالی سال 2023 میں 29.2 فیصد سے کم ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی خسارہ پائیدار حدوں میں رہنے کا امکان ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایک وفد کے ہمراہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر کہا تھا کہ ہم نے واشنگٹن میں بہت اچھی بات چیت کی۔