پاکستان کی اشتعال انگیزی سے ہندوستان جوابی کارروائی پر مجبور : چندرابابو نائیڈو

   

دہشت گردی کیلئے جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں، عوام فوج کے ساتھ اظہار یگانگت کرے
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ جمہوریت میں دہشت گردی کے لئے جگہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دہشت گردی کا ہندوستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اننت پور ضلع میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے ناقابل معافی جرم کیا ہے اور یہ واقعہ ہندوستان کی سالمیت کے لئے ایک چیلنج ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور وزیراعظم نریندر مودی سخت کارروائی کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کی سرپرستی بند کرے لیکن پاکستان کی جانب سے بار بار اشتعال انگیز کارروائیوں میں ہندوستان کو آپریشن سندور کے تحت جوابی کارروائی کے لئے مجبور کردیا ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کشمیر میں شہید ہونے والے آندھراپردیش کے فوجی جوان مرلی نائک کو خراج پیش کیا اور کہاکہ حکومت اُن کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ مرلی نائک نے محض 2 سال فوج میں خدمات انجام دیں اور ملک کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے فوجی آرام اور غذا کے بغیر ہماری حفاظت کررہے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے عوام سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یگانگت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حب الوطنی کا مطلب بحران کے موقع پر ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ جمہوریت کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور جرأت مندی اور اتحاد سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔1