پاکستان کی ایل او سی پر مخالف ہند سرگرمیاں جاری: آرمی

   

اُدھم پور ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال قابو میں ہے، آرمی نے پیر کو کہا کہ پاکستان وادی میں عسکریت پسندوں کو گھسانے اور منشیات کی تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کے ذریعہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس اپنی مخالف ہندوستان سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ناردرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے کہا کہ 86 دہشت گردوں کو ریاست میں رواں سال ہلاک کیا گیا اور عہد کیا کہ انتہا پسندوں کے خلاف ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔ لیفٹننٹ جنرل سنگھ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو یہاں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی کا انفراسٹرکچر قائم ہے اور پاکستان اپنی مخالف ہندوستان سرگرمیاں جاری رکھا ہوا ہے۔