پاکستان کی جادھو کو سفارتی رسائی دینے پر رضامندی

   

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کو پاکستانی قوانین کے مطابق سفارتی رسائی کی اجازت دے گا جس کے طریقہ کار پر غوروخوض کیا جارہا ہے۔ وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی جس کے مطابق جادھو کو ویانا کنونشن کے مطابق ان کے حقوق سے واقف کروادیا گیا ہے جو سفارتی رسائی کے بارے میں ہے۔ جمعرات کے روز جاری کردہ ایک بیان میں وزارت خارجہ نے کہا کہ آئی سی جے کے فیصلہ کے تناظر میں کمانڈر کلبھوشن جادھو کو سفارتی رابطوں سے متعلق ویانا کنونشن کے آرٹیکل 36 اور پیراگراف 1(b) کے تحت ان کے (جادھو) حقوق سے واقف کروادیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان نے بھی ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے پاکستانی قوانین کے مطابق کمانڈر جادھو کو سفارتی رسائی کا حق دینے سے اتفاق کیا ہے۔