پاکستان کی سو سے زائد ہندو زائرین کو ویزوں کی اجرائی

   

اسلام آباد؍ نئی دہلی : نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک سو بارہ ہندوستانی ہندو زائرین کو پنجاب کے چکوال ضلع میں کٹاس راج مندر کیلئے ویزا جاری کیا ہے۔ کمیشن نے یاتریوں کیلئے روحانی طور پر فائدہ مند یاترا اور محفوظ سفر کی خواہش بھی کی۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک بیان کے مطابق پیر کے روز 112 ہندوستانی ہندو یاتریوں کیلئے پاکستان کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ یہ افراد پاکستانی صوبے پنجاب کے ضلع چکوال میں واقع شری کٹاس راج مندروں کی زیارت کیلئے جا رہے ہیں۔ یہ مقام قلعہ کٹاس کے نام سے بھی معروف ہے۔اطلاعات کے مطابق ہندوستانی ہندو زائرین چھ مارچ سے 12 مارچ تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کے نئے چارج ڈی افیئرز (ناظم الامور) سعد احمد وڑائچ نے پاکستان جانے والے ہندو زائرین کے محفوظ سفر کی خواہش کا اظہار کیا۔ہائی کمیشن نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے، چھ تا 12 مارچ تک پنجاب کے چکوال ضلع میں شری کٹاس راج مندروں، جسے قلعہ کٹاس بھی کہا جاتا ہے، کے دورے کیلئے ہندوستانی ہندو زائرین کے ایک گروپ کو 112 ویزے جاری کیے ہیں۔