پاکستان کی نیوکلیئر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں

   

جنگ کے اندیشوں سے متعلق عمران خان کے بیان کو غلط نہ سمجھا جائے :دفتر خارجہ
اسلام آباد ۔ 3ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی نیوکلیئر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ، دفتر خارجہ نے یہ بات کہی جبکہ چند گھنٹے قبل وزیراعظم عمران خان نے عہد کیا کہ اُن کا ملک کبھی بھی ہندوستان کے ساتھ جنگ میں پہل نہیں کرے گا ۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں دونوں پڑوسی نیوکلیئر طاقتوں کے درمیان کشیدگی ہندوستان کے بعض حالیہ فیصلو ں کی وجہ سے بہت بڑھ گئی ہے ۔ عمران خان نے پیر کی شام لاہور میں گورنر ہاؤس میں سکھ کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان دونوں نیوکلیائی اسلحہ سے لیس ممالک ہیں اور اگر کشیدگیاں بڑھتی ہیں تو دنیا کو خطرہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انھوں نے زیادہ وضاحت کئے بغیر کہا کہ ہماری طرف سے کبھی پہل نہیں کی جائے گی ۔ تاہم عمران خان بار بار متنبہ کرتے آئے ہیں کہ کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے ساتھ نیوکلیئر جنگ کا اندیشہ ہے ۔ انھوں نے اس معاملے کو بین الاقوامی رنگ دینے کی کافی کوششیں کیں لیکن وہ ثمرآور نہ ہوئیں۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ لڑائی سے مسائل حل ہونے سے زیادہ مزید بڑھ جاتے ہیں۔ ’’میں ہندوستان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جنگ کسی مسئلہ کا کوئی حل نہیں ہے ۔ جنگ جیتنے والا دراصل ہارنے والا بھی ہوتا ہے ۔ جنگ دیگر کئی مسائل کو جنم دیتی ہے ‘‘ ۔ تاہم دفتر خارجہ پاکستان نے کہاکہ عمران خان کا تبصرہ کو حقیقی تناظر سے ہٹ کر سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ اسلام آباد کی نیوکلیئر پالیسیوں میں تبدیلی کی عکاسی نہیں کرتا ہے ۔ اگسٹ میں وزیردفاع ہند راجناتھ سنگھ نے کہاتھا کہ ہندوستان مستقبل میں پہلے عدم استعمال کی پالیسی کو ترک کرتے ہوئے اپنے نیوکلیئر اسلحہ نظریہ میں بڑی تبدیلی لاسکتا ہے ۔