پاکستان کی 18 ایرلائینز کو پلاسٹک کے برتن استعمال نہ کرنے کی ہدایت

   

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی اور اس کے مضر اثرات کو ختم کرنے کے لئے 18 بین الاقوامی ایرلائینز سے یہ خواہش کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں میں پلاسٹک کے ظروف کا استعمال نہ کریں۔ شہری ہوا بازی کے ڈیویژن نے ایرلائینز سے یہ بھی خواہش کی ہے جن برتنوں کا استعمال کیا جاتا ہے ، انہیں بجائے پالیتھین میں لپیٹنے کے کاغذ میں لپیٹا جائے ۔ شہری ہوا بازی ڈیویژن کے سینئر جوائنٹ سکریٹری امجد ستار کھوکھر نے بتایا کہ ایرلائینز کو یہ واضح ہدایت کردی گئی ہے کہ پروازوں میں مسافرین کو سربراہ کی جانے والی غذاؤں اور مشروبات کیلئے پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال نہ کیا جائے کیونکہ پاکستان اب پروازوں میں پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال برداشت نہیں کرے گا۔ انگریزی احبار ڈان سے بات کرتے ہوئے کھو کھر نے کہا کہ ایرلائینز کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہیں کہ وہ اپنے برتنوں کو پالیتھین بیاگ میں نہ لپٹیں بلکہ انہیں کاغذ میں لپٹیں ۔ اس سلسلہ میں پاکستان کے ایرپورٹس پر جگہ جگہ پلاسٹک کے استعمال پر امتناع والے پوسٹرس چسپاں کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں کچھ ماہ قبل تمام ایرلائینز کو تحریری ہدایت نامہ بھیجا گیا تھا اور بعد ازاں یاد دہانی کے طور پر دوبارہ ہدایت نامہ روانہ کرتے ہوئے ان سے عمل آوری کی خو اہش کی گئی ہے ۔ مسٹر کھوکھر نے مزید کہا کہ اب تک صرف چائنا سدرن ایرلائینز نے ہم سے استفسار کیا ہے کہ پروازوں کے دوران پلاسٹک کے برتنوں کے استعمال پر کس قانون کے تحت امتناع عائد کیا جارہا ہے جس کا ہم نے مناسب جواب بھی دے دیا ہے ۔ جبکہ دیگر ایرلائینز نے ایسا کوئی سوال نہیں کیا ہے جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ وہ ہماری ہدایات پر عمل کرنے تیار ہیں ۔