پاکستان کے انکائونٹر اسپیشلسٹ کو امریکہ نے بلیک لسٹ کردیا

,

   

واشنگٹن۔11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک ریٹائرڈ پاکستانی پولیس آفیسر رائو انور احمد خان کو سنگین نوعیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث پائے جانے پر بلیک لسٹ کردیا ہے۔ یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ٹریژری نے یہ بات بتائی۔ پاکستان کے صوبہ سندھ میں ملیر ڈسٹرکٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی حیثیت سے مسٹر رائو خدمات انجام دے چکے ہیں جنہیں انکائونٹر اسپیشلسٹ کہا جاتا تھا۔ ان پر یہ الزام بھی ہے کہ ا نہوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے ہلاکتیں کیں۔ ڈپارٹمنٹ کے مطابق بطور ایس ایس پی اپنی میعاد کے دوران مسٹر رائو نے متعدد فرضی انکائونٹرس کئے۔ علاوہ ازیں غیر قانونی طور پر رقومات کی وصولی، اراضیات پر ناجائز قبضوں، نارکوٹکس اور قتل جیسے معاملات میں رائو کا اہم رول رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ صرف ملیر ڈسٹرکٹ میں ہی انہوں نے 190 پولیس انکائونٹرس کئے جس میں 400 افراد مارے گئے جن میں سے بیشتر انکائونٹرس عدالتوں کی پرواہ کئے بغیر قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے کئے گئے تھے۔ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ مسٹر رائو کی بلیک لسٹ کئے جانے کے اقدام پر پاکستان نے امریکہ کی ستائش کی ہے۔