پاکستان کے وزیر اعظم شہباز کی امیر قطر سے دوطرفہ تعلقات میں فروغ پربات چیت

   

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی نے پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دیوان امیری آمد پرامیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔اس سے قبل وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحا میں قطری ہم منصب اور وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی سے ملاقات کی۔دونوں ممالک کے درمیان روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم منگل کو سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے، ان کے ہمراہ کابینہ کے سینئر ارکان بھی تھے۔ وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے بشمول قابل تجدید ذرائع، انفراسٹرکچر، نقل و حمل، زراعت اور لائیو سٹاک اور سیاحت میں قطر کے ساتھ تعلقات کو گہرا اور متنوع بنانے میں حکومت پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔