پاکستان 100ٹی 20 مقابلے جیتنے والی پہلی ٹیم

   

کراچی ۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر عالمی کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں یہ کامیابی ٹیم کی ٹوئنٹی20 میں 100ویں فتح ہے۔ پاکستانی ٹیم دنیا کی وہ واحد ٹیم ہے جس نے 100 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے ہیں جبکہ اب تک کوئی ٹیم یہ سنگِ میل عبور نہیں کر سکی ہے۔ پاکستان کے بعد سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی ٹیم ہندوستان ہے جس نے اپنے 137 میچز میں سے 85 میچز جیتے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والی ٹیم بھی ہے، جس نے اب تک 164 میچز کھیل لیے ہیں جن میں اسے 59 میں ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ٹیم نے سب سے زیادہ میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جن کی تعداد 24 ہے جس میں اسے 14 میں کامیابی ملی اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح دوسرے نمبر پر جس ٹیم کے ساتھ پاکستان نے سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں وہ آسٹریلیا ہے، دونوں ٹیمیں 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے پاکستان کو 12 اور آسٹریلیا کو 9 میں کامیابی ملی، ایک میچ ٹائی ہوا۔یادرہے پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین مقابلوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ اپنے نام کرتے ہوئے سیریز کو 2-1 سے اپنے نام کیا ہے ۔