پشاور : ایشیا کپ کے سوپر فور مرحلے میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف جیت کے بعد جہاں گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی ہوئی وہیں پشاور اور مردان میں بھی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک کم سن بچی سمیت تین خواتین بھی شامل ہیں۔دونوں ٹیموں کے مداح گراؤنڈ کے اندر اور باہر ایک دوسرے سے الجھتے رہے۔یہ معاملہ شارجہ تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ پاکستان کے شہر پشاور میں بھی مختلف مقامات پر افغان باشندوں اور مقامی افراد کے درمیان جھگڑوں کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ گلبرگ کے علاقے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کا جشن منانے والوں اور افغان نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ موضع ادیزئی میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں باپ کی فائرنگ سے اس کا اپنا بیٹا اور اس کا دوست موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ سے ہلاکت کا تیسرا واقعہ کوٹلہ محسن خان کے علاقے میں پیش آیا جہاں گولی لگنے سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔ہوائی فائرنگ سے ہلاکت کا ایک واقعہ مردان میں پیش آیا جہاں کاٹلنگ کے علاقے گلبہار میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ نوجوان اختر گل ہلاک ہو گئے ہیں۔