پتھر توڑنے والے مسلم طبقہ کی ترقی کے اقدامات

   

ریاستی وزیر اظہر الدین نے 90 افراد میں مشینیں تقسیم کئے
حیدرآباد۔4۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ’ترکا کاشہ ‘ مسلم سماج جو پتھر توڑنے کا کام کرتے ہیں ان کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ 2000 مشینوں ‘ جنریٹر اور حفاظتی کٹس کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیاہے۔ ریاستی وزیر جناب محمد اظہر الدین نے کتہ کوٹہ ضلع محبوب نگر میں 90 افراد کو مشینوں و دیگر اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ جناب محمداظہر الدین نے بتایااپنے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست میں پتھرپھوڑنے والے ان مسلم خاندانوں کی کسم پرسی و بدحالی کے متعلق انہیں اطلاعات موصول ہونے کے بعد انہوں نے ان خاندانوں کی ریاستی حکومت کے ذریعہ مدد کا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو انتہائی مستحق ان طبقات کی مدد کے لئے مشینوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ ’ترکا کاشہ ‘ طبقہ سے تعلق رکھنے والے ان 90خاندانوں کو مشینوں کے علاوہ دیگر اوزار کی فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران جناب محمد اظہر الدین کے ہمراہ صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب عبیداللہ کوتوال اور دیگر موجود تھے۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موجود ترکا کاشہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی مدد اور انہیں ان کے سخت کاموں میں مدد کی فراہمی کے لئے شروع کئے گئے اس منصوبہ کی ابتداء جناب عامر علی خان نیوزایڈیٹر ’سیاست‘ نے کی تھی اور تاحال ریاست کے مختلف اضلاع میں ترکا کاشہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں میں مشینوں کی تقسیم کے پروگرامس منعقد کر چکے ہیں۔تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے مسلمانوں میں پائے جانے والے اس انتہائی غریب و محنت کش طبقہ کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میںتفصیلات حاصل کرنے کے بعد انہیں مشینوں اور جنریٹر کی فراہمی کے اقدامات کا فیصلہ کیا تھا اورمحکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے 2000 خاندانوں میں مشینوں کی تقسیم کا فیصلہ کیاگیا ۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین نے اس اسکیم پر عمل آوری کا گذشتہ یوم آغاز کرتے ہوئے ’ترکاکاشہ ‘ طبقہ کے نوجوانوں میں مشینوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ جناب عبید اللہ کوتوال نے بتایا کہ جلد ہی تمام اضلاع میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی نگرانی میں ’ترکاکاشہ ‘ طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں میں مشینوں اور دیگر اوزار کی تقسیم کے عمل کو مکمل کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں سے مذاکرات کے بعد ریاست بھر میں 2000 مشینوں کی تقسیم کا فیصلہ کیاگیا اور کارپوریشن نے اس منظوری کے ساتھ ہی مشینوں اور جنریٹر کے علاوہ دیگر اوزار کی خریدی کے بعد تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طبقہ کی نشاندہی کے بعد ہی کارپوریشن نے اس طبقہ کی معاشی بدحالی کو دورکرنے اقدامات شروع کئے ہیں۔3/a/b