تحقیقاتی ایجنسیوں کے پاس ثبوت موجود ، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی ار وند کا بیان
حیدرآباد ۔23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے کے سی آر خاندان پر پراجکٹس کی تکمیل میں بھاری کمیشن حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے فرزند اور دختر کا جیل جانا یقینی ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی اروند نے کہا کہ پراجکٹس کی منظوری اور ان کی تکمیل میں چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کی جانب سے بھاری کمیشن حاصل کرنے کے کئی معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے افراد خاندان کو جیل جانے سے روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر کی جانب سے ٹوئیٹر پر بی جے پی قائدین کو جوکر قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے ڈی اروند نے کہا کہ اگر بی جے پی قائدین جوکر ہیں تو پھر ان کے والد بروکر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں گرفتاریاں باعث تشویش ہیں۔ ملک میں دونوں تلگو ریاستوں میں اس طرح کی سرگرمیاں حکومتوں کی سرپرستی کا نتیجہ دکھائی دے رہی ہے ۔ دونوں حکومتیں ووٹ بینک کی سیاست پر عمل پیرا ہیں، لہذا تلنگانہ میں پاپولر فرنٹ کو مجلس کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب کے اسکام میں کویتا کے شامل ہونے کے ثبوت پائے گئے ہیں اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے دھاوؤں میں یہ بات ثابت ہوئی ہے ۔ اسی طرح کے ٹی آر بھی کئی اسکام میں ملوث پائے گئے۔ر