پرانے شہر حیدرآباد کی ترقی کے منصوبے پر عمل آوری

   

میر عالم تالاب سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوگا ، 363 کروڑ روپیوں کی منظوری
حیدرآباد۔ 10 جولائی (سیاست نیوز) ریونت ریڈی حکومت نے پرانے شہر کو ترقی دینے کے منصوبے پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ میر عالم تالاب کو خوبصورت سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے لئے میر عالم تالاب پر 2.65 کیلو میٹر تک 6 لائن پر مشتمل ہائی لیول آئیکانک کیبل برج کی تعمیر کے لئے 363 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔ میر عالم ٹینک کے مغربی حصہ چنتل میٹ روڈ (میر محمود پہاڑی) روڈ سے میر عالم ٹینک کے مشرق میں بنگلورو۔ حیدرآباد نیشنل ہائی وے 44 سے مربوط کرتے ہوئے 6 لین پر مشتمل 2.65 کیلو میٹر طویل ہائی لیول آئیکانک برج تعمیر کیا جائے گا۔ برج پر دو مقامات پر 140 میٹرس تک رسائی کے لئے دو ریمپس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ ایک مقام پر 110 میٹرس پر مشتمل ایگزٹ ریمپ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کیبل برج پر آرائشی لائٹنگ بھی لگائی جائے گی۔ اس کیبل برج کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کی ضرورت ہے جس کو (TDR) حقوق ٹرانسفر ڈائرکٹ رائٹس کے ذریعہ حاصل کی جائیں گی۔ ہائی لیول آئیکانک برج کی تعمیر کے لئے حکومت نے 363 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دی ہے جس میں 359.53 کروڑ روپے سیول کاموں کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ مزید 3.47 کروڑ روپے شفٹنگ کاموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لئے میر عالم ٹینک ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ حال ہی میں میر عالم کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنتل میٹ روڈ سے زو پارک کے قریب تک ہائی لیول برج بنگلورو روڈ سے مربوط ہوگا۔ میر عالم ٹینک کی انفرادیت کو اجاگر کرنے کے لئے ایک خصوصی تھیم کا اہتمام کیا جائے گا اس کے علاوہ موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لئے ایک علیحدہ کنگافٹ پاتھ اور کیبل برج کے قریب میں ہی لینڈ اسکیپ کو ترقی دی جائے گی۔ میر عالم تالاب کو مکمل خوبصورت بنانے کے لئے تمام ضروری تجاویز تیار کی جارہی ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے نے سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے عوام کو راغب کرنے مختلف ترقیاتی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ویو پوائنٹس، انفارمیشن سنٹرس، ثقافتی اور تاریخی ورثے کی اہمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔ سرکاری اور نجی شراکت داری سے میر عالم تالاب کے آس پاس کے تمام علاقوں کے ساتھ 6 لین والے آئیکانک برج کے علاوہ میر عالم تالاب کو خوبصورت سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے آمدنی اور اخراجات کا تخمینہ لگانے کے لئے ایک خصوصی کنسلٹنسی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ایچ ایم ڈی اے انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ متعلقہ کنسلٹنسی تین ماہ میں قطعی رپورٹ ایچ ایم ڈی اے کو پیش کرے گی۔ 2