پرانے شہر میں سٹہ چلانے والی ٹولی بے نقاب12 افراد گرفتار، سٹہ کی چٹیاں اور رقم ضبط

   

حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر میں غریب مزدور پیشہ افراد کو زائد کمائی کا لالچ دیکر سٹہ چلانے والی ایک ٹولی کو ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا اور 12 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے۔ ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ساؤتھ زون ٹاسک فورس انسپکٹر راگھویندرا کی ٹیم نے سنتوش نگر پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 70 سالہ محمد سراج ساکن سنتوش نگر، 50 سالہ حمید عبدالعزیز ساکن حافظ بابانگر، 42 سالہ جمیل ساکن چندرائن گٹہ، 44 سالہ سید مظہر ساکن رین بازار، 32 سالہ سید عبدالغفار ساکن حفیظ بابانگر، 32 سالہ شیخ ستار، 30 سالہ محمد خواجہ پاشاہ ساکن شاہین نگر، 55 سالہ مشتاق شریف ساکن ملک پیٹ، 45 سالہ زین الدین شاہین نگر، 48 سالہ شیکھر ساکن سعیدآباد، 56 سالہ لکشمایا ساکن میرپیٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ شیخ اقبال ساکن مہاراشٹرا مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 25,710 روپئے نقد رقم اور 24 سٹہ کی چٹیاں ضبط کرلیں۔ پولیس کے مطابق محمد سراج گرفتار افراد میں آرگنائزر ہے جو ان افراد کے ذریعہ سٹہ کی چٹیاں اور رقم وصول کرتا تھا۔ ہوٹل میں کام کرنے والے اڈہ کے مزدور، پان کی دکان اور آٹو والے افراد ان سٹہ چلانے والوں کا اصل نشانہ ہیں۔ سراج انہیں زائد منافع اور آسان انداز میں پیسنے کمانے کا لالچ دیکر سٹہ پر رقم لگانے کیلئے راغب کرتا ہے اور دیگر گرفتار افراد سٹہ کا نمبر دیکر رقم حاصل کرتے ہوئے سراج کے حوالے کرتے تھے اور سراج اقبال سے راست رابطہ میں ہے۔ سراج کے خلاف تقریباً 20 سے زائد مقدمات پائے جاتے ہیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے پرانے شہر میں ایسی کسی بھی سرگرمی کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ع