پرانے شہر میں لاقانونیت ،ننگی تلواروں کے ساتھ روڈی عناصر کی ہنگامہ آرائی

,

   

خانگی املاک پر حملے ،توڑ پھوڑ، موٹر گاڑیوں کو نقصان ، راہ گیر نشانہ ،عوام میں خوف و دہشت ۔ پولیس خاموش تماشائی

حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں پھر ایک مرتبہ روڈی عناصر نے اپنی غیر قانونی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے عوام کو خوف زدہ کردیاجبکہ آج ہی اس علاقہ میں پولیس کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا تھا جو بے اثر ثابت ہوا ہے۔شہر میں لاقانونیت عام ہوتی جارہی ہے اور پولیس روڈی شیٹرس اور غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں کو سختی سے کچلنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ایک تازہ ترین واقعہ میں آج فلک نما کے علاقہ نواب صاحب کنٹہ میں روڈی عناصر نے 6 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے ایک ہوٹل کو بھی نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق کالا پتھر کے ساکن عمران اور اس کے تین ساتھی اجو، قدیر اور خالد آج رات 9:30 بجے نواب صاحب کنٹہ علاقہ میں دو موٹر سیکلوں پر ہاتھ میں مہلک ہتھیار لئے ہوئے پہنچے اور اچانک بسم اللہ ہوٹل میں داخل ہوئے اور تلواروں اور درانتیوں سے ہوٹل عملے اور وہاں موجود افراد کو خوف زدہ کیا اور توڑ پھوڑ مچائی۔ مذکورہ روڈی عناصر نے اپنی ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے روڈ پر پارک کی ہوئی پانچ گاڑیوں اور ایک آٹو کو بھی تلوار اور درانتوں سے حملہ کرکے اسے شدید نقصان پہنچایا۔ جبکہ ایک میڈیکل شاپ مالک کو بھی ہتھیاروں سے دھمکاکر اس کی دکان میں بھی توڑ پھوڑ مچائی۔ عمران اور اس کے ساتھیوں کی اس کھلے عام غنڈہ گردی کی ویڈیو علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔ ان عناصر نے مہلک ہتھیار ہاتھوں میں لئے سڑک پر گھومتے ہوئے عوام بالخصوص خواتین کو دھمکایا جس کے بعد علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر پٹرولنگ گاڑیاں وہاں پر پہنچی تھیں کہ روڈی عناصر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کو ملی ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمران رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے اوراسے سابق میں شاہ عنایت گنج پولیس نے 2016 میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ عمران گانجہ اور شراب کا عادی بتایا گیا ہے۔ یہ واردات فلک نما اور کالا پتھر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئی اور پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مقدمات درج کئے ہیں۔پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی اس قسم کی وارداتوں کا سخت نوٹ لینے سے قاصر ہیں جس کے نتیجہ میں شہر میں قتل ، رہزنی اور دیگر سنگین وارداتیں روزانہ کا معمول بنتی جارہی ہیں۔کالا پتھر پولیس اور فلک نما کا پولیس عملہ بھی روڈی شیٹرس کی غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں ناکام ہیں جس کے نتیجہ میں اس قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔