اراضی کے حصول اور سڑکوں کی توسیع پر خصوصی توجہ، 7.5 کیلو میٹر راہداری کیلئے عنقریب ٹنڈرس، ریونت ریڈی کا اجلاس
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد میٹرو ریل فیز II پراجکٹ کے پرانے شہر میں کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ چیف منسٹر نے پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کے کاموں کی پیشرفت کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل منصوبہ کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے چندرائن گٹہ تک 7.5 کیلو میٹر طویل سڑک کے توسیعی کام جلد مکمل کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس راہداری میں میٹرو کے کاموں سے متعلق ٹنڈرس کا عمل جلد شروع کیا جائے۔ میٹرو توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کے لئے اراضی کے حصول کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ میٹرو ٹرین سروسیس میں مسافرین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ میٹرو خدمات کو عوام کی قبولیت اور پسندیدگی کے مطابق دوسرے مرحلہ کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے موجودہ میٹرو ریل سرویس میں بوگیوں کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی تاکہ مسافرین کی بڑھتی تعداد سے نمٹا جاسکے۔ اُنھوں نے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کو نئے کوچس خریدنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ میٹرو فیز II کے تحت گولی گوڑہ تا چندرائن گٹہ 7.5 کیلو میٹر راہداری کے لئے عصری ٹیکنالوجی کو اختیار کیا جائے اور اِس سلسلہ میں دہلی میٹرو سے رجوع کرتے ہوئے تجاویز حاصل کی جائیں۔ چیف منسٹر نے ڈسمبر میں منعقد ہونے والی انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ عالمی سطح کے اِس سمٹ کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ سمٹ میں ہندوستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی اہم صنعتی شخصیتیں شرکت کریں گی۔ ریاست میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق سمٹ کا اہتمام کیا جائے۔ گزشتہ سال منعقدہ سمٹ کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ ریاست میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور عہدیداروں کو پراجکٹس کے قیام کی پیشرفت کے لئے ضروری منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سنجے جاجو، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق جیش رنجن، حکومت کے مشیر رام کرشنا راؤ، این وی ایس ریڈی، میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر سرفراز احمد، ایڈیشنل منیجنگ ڈائرکٹر اجیت ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔V/1