پرتھوی شا اور تارے کی نصف سنچریاں،ممبئی کامیاب

   

ممبئی۔18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ڈوپنگ معاملے میں معطلی کے بعد واپسی کرنے والے نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا (63) اور آدتیہ تارے (82 ) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ممبئی نے مشتاق علی ٹرافی گروپ ڈی مقابلے میں آسام کے خلاف 83 رنز کی جیت درج کی۔ یہ ممبئی کی سات میچوں میں چھٹی جیت ہے جس کے بعد وہ گروپ میں سب سے زیادہ 24 پوائنٹ لیکر سرفہرست ہے۔آسام نے میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے ممبئی کو بیٹنگ کا موقع دیا جس نے گھریلو وانکھڑے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں گھریلو حالات کا پورا فائدہ اٹھایا اورمقررہ 20 اوورمیں پانچ وکٹ پر 206 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ آسام کی ٹیم بڑے ہدف کے سامنے مقررہ اووروں میں آٹھ وکٹ پر 123 رن ہی بنا سکی۔ آسام کی اننگز میں ریان پراگ نے 38 رنز کا بڑا سکور بنایا۔ ممبئی کی طرف سے دھول کلکرنی، شیوم دوبے اور شمس ملانی نے فی کس دو وکٹ لئے۔ممبئی کی جیت میں اوپنروں پرتھوی اور آدتیہ کا اہم رول رہا جنہوں نے پہلی وکٹ کے لئے 138رن کی سنچری شراکت کی۔ ڈوپنگ کی وجہ سے 8 مہینہ کی پابندی جھیلنے کے بعد کرکٹ میں واپسی کررہے پرتھوی نے اپنے پہلے ہی میچ میں 39گیندوں میں سات چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ انہوں نے میچ کے بعد کہاکہ میری پوری توجہ اب رنز بنانے پر ہے تاکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں واپسی کا راستہ ہموار ہو۔ میں اب اپنے بلے کو بولنے دینا چاہتا ہوں۔ آدتیہ نے 48گیندوں میں 12چوکوں اور ایک چھکے سے 82 رنز اکی اننگز کھیلی۔ سدھیش لاڈ نے ناٹ آوٹ 32رن بنائے۔ آسام کی طرف سے ریان پراگ نے 30 رنز پر تین وکٹ لئے۔