پرجا وانی پروگرام کے تحت 62 فیصد درخواستوں کی یکسوئی

   

ایک سال میں 43 ہزار سے زائد درخواستوں کی وصولی
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ پرجا وانی پروگرام میں عوام کی جانب سے پیش کردہ62 فیصد درخواستوں کی اندرون ایک سال یکسوئی ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 8 ڈسمبر 2023 کو پرجا بھون میں اس پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ پرجا وانی پروگرام کے تحت عوام سرکاری محکمہ جات سے متعلق اپنے مسائل پیش کرتے ہیں۔ حکومت کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں پرجا وانی کے84 سیشن ہوئے جن میں 43272 درخواستیں رجسٹرڈ کی گئیں جن میں سے 27215 کی یکسوئی کردی گئی ہے۔ پرجا وانی کے تحت سرکاری اسکیمات میں شمولیت کیلئے 82955 درخواستیں داخل کی گئیں جنہیں مزید کارروائی کیلئے متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کردیا گیا۔ اس پروگرام کی خصوصیت یہ ہے کہ عوام راست طور پر اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے خلیجی ممالک کے مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل کے حل کیلئے ایک خصوصی کاؤنٹر قائم کیا ہے جہاں خلیجی ممالک میں مسائل کا شکار افراد کے امور کی یکسوئی کی جاتی ہے۔ حکومت نے پرجا وانی کے تحت اہم مسائل کی یکسوئی کے بعض واقعات کی تفصیلات جاری کی۔1