پردیش کانگریس کی صدارت پر دعویداری کا تمام طبقات کو حق حاصل

   

بھٹی وکرامارکا اور دامودار راج نرسمہا اہل امیدوار، رکن اسمبلی جگاریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ پارٹی میں تمام طبقات کے قائدین کو پردیش کانگریس کمیٹی صدارت پر دعویداری کا حق حاصل ہے۔ ہر کوئی ہائی کمان سے اس عہدے کے لیے درخواست کرسکتا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس میں ریڈی، براہمن، بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو عہدے پر دعویداری کا حق حاصل ہے۔ کانگریس میں دولتمند اور غریب میں کوئی تفریق نہیں ہے۔ تمام طبقات کے لیے یکساں مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے بی سی طبقات کے لیے گنجائش موجود ہے۔ عہدے کے لیے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو کے نام کی تائید کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ بی سی طبقات میں ہنمنت رائو سرفہرست ہیں اور وہ عوامی مقبول رہنما ہیں۔ سابق میں وہ پی سی سی صدر رہ چکے ہیں اور دوسری مرتبہ بھی اس عہدے کے اہل ہیں۔ ایس سی طبقے میں مادیگا اور مالا طبقات کو عہدے کے لیے غور کیا جاسکتا ہے کیوں کہ یہ دونوں طبقات کافی مضبوط ہیں۔ مادیگا طبقے میں دامودر راج نرسمہا مقبول قائد ہیں جبکہ مالا طبقے میں بھٹی وکرامارکا نام آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام کارکن کی حیثیت سے ترقی حاصل کرنے والے بی کشن بھی اس عہدے کی دعویداری پیش کرسکتے ہیں۔ کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کو یکساں موقف حاصل ہے اور کئی قائدین صدارت کے اہل ہیں۔ واضح رہے کہ جگاریڈی پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے پہلے ہی اپنی دعویداری پیش کرچکے ہیں اور انہوں نے اپنا بایوڈیٹا سونیا گاندھی کو روانہ کردیا ہے۔