پرنٹ میڈیا ’پیڈ نیوز‘ ایکٹ کی خلاف ورزی نہ کرے: پی سی آئی

   

نئی دہلی : 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے پہلے پریس کونسل آف انڈیا (پی سی آئی) نے چہارشنبہ کو پرنٹ میڈیا سے کہا کہ وہ صحافتی طرز عمل کے اصولوں پر عمل کریں اور ’پیڈ نیوز‘ کی اشاعت سے گریز کریں۔ وہ ایسی کوئی خبر یا دیگرمواد شائع نہ کریں جس سے عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی خلاف ورزی ہو۔اترپردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات 10 فروری سے 7 مارچ تک ہونے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔پی سی آئی نے ایک بیان میں کہاکہ ہندوستان میں انتخابات ہماری جمہوریت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور میڈیا پر تمام متعلقہ معلومات کو عوام تک پہنچانے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔اس نے انتخابات کی تشہیر کے سلسلے میں پرنٹ میڈیا کو نو نکاتی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ پریس کونسل آف انڈیا میڈیا کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 126 اور صحافتی طرز عمل کے اصول 2020 کی خلاف ورزی نہ کرے۔پی سی آئی نے اپنی ایڈوائزری میں پرنٹ میڈیا سے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن، چیف الیکٹورل آفیسر کے تمام احکامات اور ہدایات پر عمل کریں جو وقتا فوقتاجاری ہوتے ہیں۔کونسل نے پرنٹ میڈیا سے کہا کہ وہ ووٹنگ کے آخری 48 گھنٹوں کے دوران الیکشن سے متعلق کوئی بھی مواد اخبارات میں شائع نہ کریں اور اس شق کی خلاف ورزی پر نمائندگی کی دفعہ 126 کے تحت دو سال تک قیدیا جرمانہ یا جرمانہ ہو گا۔پی سی آئی نے کہا کہ ووٹنگ کی آخری تاریخ تک کوئی بھی اخبار ’ایگزٹ پول‘ سروے شائع نہیں کرے گا، چاہے وہ حقیقی کیوں نہ ہوں۔