پرگیان کے بعد وکرم لینڈر کا بھی سلیپ موڈ

   

22 ستمبر کو از سر نو فعال ہونے کی اُمید‘ اسرو کا بیان

نئی دہلی :ہندوستان کے چندریان3 مشن کی کامیابی کی پوری دنیا میں دھوم ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پرگیان رووَر کے بعد وکرم لینڈر بھی ساکت ہوگیا ہے۔ اِسرو نے 4 ستمبر کو اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اہم جانکاری دی۔ ساتھ ہی کہا کہ اب 22 ستمبر کے آس پاس از سر نو اس کے فعال ہونے کی امید ہے۔ اِسرو نے ایکس پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ چندریان3 مشن کا لینڈر صبح تقریباً 8 بجے سلیپ موڈ میں سیٹ ہو گیا۔ اس سے پہلے چیسٹے، رمبھا۔ایل پی اور آئی ایل ایس اے پے لوڈ نے نئی جگہ پر اِن۔سیٹو تجربات کیے۔ انھوں نے جو ڈاٹا جمع کیا وہ زمین پر آتا رہا۔ پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ پے لوڈ اب بند کر دیے گئے ہیں۔ لینڈر ریسیور چالو رکھے گئے ہیں۔ شمسی توانائی اور بیٹری ختم ہوجانے پر وکرم اور پرگیان ایک دوسرے کے قریب ساکت ہوجائیں گے ۔ 22 ستمبر 2023 کے آس پاس ان کے پھر سے جاگنے کی اُمید ہے۔ اس سے قبل اِسرو نے 4 ستمبر کی صبح ہی جانکاری دی تھی کہ وکرم لینڈر کی دوبارہ کامیاب سافٹ لینڈنگ 3 ستمبر کو کرائی گئی اور پہلے جس مقام پر لینڈر ماڈیول نے لینڈ کیا تھا، 3 ستمبر کی لینڈنگ اس سے 30 سے 40 میٹر دور ہوئی ہے۔ اِسرو کا کہنا ہے کہ مستقبل کے مشن کیلئے اس طرح کا تجربہ کرنا ضروری تھا۔اِسرو نے پیر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیے گئے پوسٹ میں بتایا کہ ’’ہندوستان کا وکرم لینڈر چاند پر پھر سے سافٹ لینڈ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وکرم لینڈر اپنے سبھی مشن پورے کر چکا ہے اور اب یہ کامیابی کے ساتھ ’ہوپ ایکسپریمنٹ‘ سے گزرا ہے۔ کمانڈ دیئے جانے پر وکرم لینڈر کے انجن چالو ہوئے اور یہ 40 سنٹی میٹر تک اوپر اُٹھا، پھر 40-30 سنٹی میٹر دور جاکر سافٹ لینڈ ہو گیا۔