پرگیہ ٹھاکر کو مالیگاوں دھماکہ کیس میں عدالت کی پھٹکار

   

ممبئی : 2008 کے مالیگاؤں دھماکہ کیس سے متعلق سماعت سے بار بار غیر حاضر رہنے کیلئے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے ایک ماہ سے بھی کم وقت کے بعد ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے انہیں ایک بار پھر پھٹکار لگائی ہے۔ ٹھاکر، جو اس کیس کا اہم ملزم ہیں چہارشنبہ کو بھی سماعت میں حاضر نہیں ہوئی اور این آئی اے کی عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ان کی مسلسل غیر حاضری سے مقدمے کی سماعت میں پریشانی آرہی ہے۔بھوپال کی ممبر پارلیمنٹ نے بار بار سماعت میں شرکت نہیں کرنے کیلئے صحت وجوہات کا حوالہ دیا ہے اور عدالت نے اب این آئی اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیر 8 اپریل تک ان کی صحت کی حالت پر رپورٹ پیش کرے۔
بی جے پی لیڈر، جنہیں صحت کی بنیاد پر کیس میں ضمانت دی گئی تھی، کو اکثر کرکٹ اور باسکٹ بال کھیلتے نظر دیکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی اسپتال میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے عدالت جانا ترک کردیا تھا لیکن اسی دن ایک عوامی پروگرام میں شرکت بھی کی تھی۔