پرگیہ کے انتخابی مقابلہ پر امتناع کی درخواست مسترد

   

ممبئی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے 2008ء کے مالیگاؤں دھماکوں کے ایک متاثر شخص کے والد کی طرف سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا جس میں بی جے پی لیڈر پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے سے باز رکھنے کی استدعا کی گئی تھی۔ مالیگاؤں دھماکے کیس کی ملزمہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر جو فی الحال ضمانت پر رہائی کے بعد مدھیہ پردیش کے حلقہ بھوپال سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کررہی ہے۔ درخواست گذار نثار سید مالیگاؤں دھماکے میں اپنے ایک بیٹے سے محروم ہوگئے تھے۔ گذشتہ ہفتہ عدالت سے رجوع ہوکر پرگیہ کو انتخابی مقابلہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی استدعا کی تھی۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھوپال میں کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف مقابلہ کررہی ہے۔ تاہم نیشنل انوسٹگیشن ایجنسی (این آئی اے) مقدمات کی سماعت کرنے والے خصوصی جج وی ایس پڈالکر نے کہا کہ وکلاء اس حقیقت سے بخوبی باخبر ہیں کہ (اس درخواست) کیلئے یہ مناسب فورم نہیں ہے۔ پرگیہ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشرا نے عدالت میں استدلال پیش کیا کہ وہ (پرگیہ) نظریات کے کاز کیلئے اور ملک و قوم کیلئے انتخابات لڑ رہی ہے۔