پرینکاگاندھی کا آسام میں روڈ شو

,

   

گوہاٹی،14اپریل(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کی اسٹار پرچارک اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جنوبی آسام کے سلچر میں پارٹی کی موجودہ رکن پارلیمنٹ سشمیتا دیو کے پارلیمانی حلقے میں روڈ شو کریں گی۔ رپورٹ کے مطابق کانگریس اترپردیش (مشرق)کی انچارج پرینکاگاندھی واڈرا سلچر کے صدر گھاٹ سے رانگرکھاری تک روڈ شو میں حصہ لیں گی۔آسام کے مختلف حصوں سے کانگریس کے حامیوں نے محترمہ واڈرا سے آسام میں دورہ کرنے اور ریاست میں پارٹی کے امیدواروں کے لئے تشہیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔حالانکہ آسام میں پانچ لوک سبھا پارلیمانی حلقوں جورہاٹ،ڈبروگڑھ،کلیابور،تیج پور اور لکھیم پور میں 11اپریل کو لوک سبھا کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہوچکی ہے جبکہ 18اپریل کو دوسرے مرحلے میں براک گھاٹی ،وسطی آسام اور پہاڑی علاقوں میں ووٹنگ ہونی ہے ۔سلچر پارلیمانی حلقے سے کانگریس نے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور خواتین کانگریس کی قومی صدر سشمیتا دیو کو پارٹی کے امیدوار کے طورپر اتاراہے ۔کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے علاوہ پارٹی کے دیگر اسٹار پرچارکوں میں نوجوت سنگھ سدھو پہلے ہی سلچر میں محترمہ دیو کے لئے انتخابی تشہیر کرچکے ہیں۔کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آتی ہے اور محترمہ دیو کو پھر سے رکن پارلیمنٹ منتخب کیا جاتاہے ،تو انہیں مرکز میں کانگریس کی قیادت والی وزارت میں عہدہ دیا جائے گا۔