پرینکا گاندھی بھی ٹویٹر پر

   

نئی دہلی11فروری (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی ٹویٹر پر آگئی ہیں اور ان کے فالوور کی تعداد بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ محترمہ گاندھی نے ٹویٹر پر اپنا آفشیل اکاؤنٹ اتوار کو کھولا اور دوشنبہ کو وہ لکھنؤ روانہ ہو گئیں ۔ لکھنؤ میں آج انہوں نے روڈ شو کرکے قومی سیاست میں ہلچل سی پیدا کردی ہے ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا اترپردیش کا پہلا دورہ ہے ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری کو فالو کرنے والوں کی تعداد 78ہزار پار کر چکی ہے ۔ وہ صرف سات لوگوں کو فالو کر رہی ہیں جن میں کانگریس کا آفیشیل ٹویٹر ہنڈل اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے علاوہ سچن پائلٹ، اشوک گہلوت، احمد پٹیل، رندیپ سنگھ سورجے والا اور جیوتی رادتیہ سندھیا شامل ہیں۔ سرگرم سیاست میں آنے کے بعد محترمہ گاندھی اب سوشل میڈیا پر سر گرم ہو گئیں ہیں ۔ کانگریس نے انھیں مشرقی اترپردیش کا انچارج بنایا ہے ۔ وہ آج سے مشرقی اترپردیش کے دورے پر ہیں۔ وہ یہاں روڈ شو کے علاوہ وعوام سے ملاقات کریں گی اور کانگریس کو جڑ سے مضبوط کرنے کے لیے کارکنان سے گفتگو کریں گی۔