پرینکا گاندھی کا مارچ میں مجوزہ دورہ حیدرآباد

   

ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا میں شرکت، تلنگانہ امور سے دلچسپی
حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مارچ میں حیدرآباد میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا میں شرکت کریں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے آئی سی سی اسٹیرنگ کمیٹی نے پرینکا گاندھی کے دورہ حیدرآباد کو منظوری دے دی ہے ۔ 26 جنوری سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو ابھیان کا تلنگانہ میں آغاز ہورہا ہے اور صدر پردیش کانگریس اسی دن سے اپنی پد یاترا کا آغاز کریں گے ۔ مہیلا کانگریس قائدین کے ساتھ پرینکا گاندھی ہاتھ سے ہاتھ جوڑؤ یاترا میں حصہ لیں گے ۔ پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی کے مطابق ہائی کمان نے تلنگانہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے شیڈول کو قطعیت دے دی ہے ۔ پرینکا گاندھی حیدرآباد میں یاترا میں حصہ لینے کے علاوہ خواتین کا منشور جاری کریں گی جس میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر خواتین کی فلاح و بہبود کا وعدہ کیا جائیگی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے اختتامی جلسہ سے پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے مخاطب کریں گے۔ واضح رہے کہ پرینکا نے تلنگانہ میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے منصوبہ کے تحت تلنگانہ امور میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ اگرچہ نئے انچارج کے طور پر مانک راؤ ٹھاکرے کا تقرر کیا گیا لیکن سینئر قائدین کے مطابق ٹھاکرے تلنگانہ سے متعلق فیصلے پرینکا گاندھی سے مشاورت کے بعد کریں گے ۔ر